پی آئی اے کا حج آپریشن مکمل، آخری پرواز کراچی سے روانہ
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے حج آپریشن کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا، کراچی سے آخری پرواز جدہ روانہ ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق پی آئی اے حج آپریشن کے دوران کل 268 پروازوں کے ذریعے 61 ہزار 467 حجاج کرام حجاز مقدس روانہ ہوئے، جن میں 41 ہزار سے زائد سرکاری اور 19 ہزار سے زائد پرائیویٹ حجاج اور 600 خدام مدینہ منورہ اور جدہ پہنچے۔
پی آئی اے کے قبل از حج آپریشن کا آغاز 21 مئی سے ہوا تھا جو 22 جون تک جاری رہا، پروازیں کراچی، اسلام آباد، لاہور، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ اور پشاور سے براہ راست روانہ ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق سکھر، رحیم یار خان اور کوئٹہ سے حجاج نے کراچی کے راستے جدہ کا سفر کیا، پی آئی اے کی حج پروازوں کی بروقت روانگی کا تناسب 94 فیصد رہا۔
رپورٹ کے مطابق 268 پروازوں میں سے 249 پروازیں وقت پر یا وقت سے کچھ دیر پہلے ہی روانہ ہوئیں، پورے حج آپریشن میں صرف 19 پروازیں مختلف وجوہات کی بناء پر تاخیر کا شکار ہوئیں۔
واضح رہے کہ پی آئی اے کے بعد از حج آپریشن کا آغاز 2 جولائی سے ہوگا جو 2 اگست تک جاری رہے گا۔