غیرمعمولی درجہ حرارت کے باعث گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں سیلاب کا خطرہ
وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں درجہ حرارت معمول سے4 سے 6 ڈگری زیادہ ہے، غیرمعمولی درجہ حرارت کے باعث سیلاب، برفانی جھیلیں پھٹنے کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔
ٹویٹر پیغام میں شیری رحمان نے کہا کہ عید الاضحیٰ پر چھٹیوں کی وجہ سے شمالی علاقاجات میں سیاحوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگا، ضلعی انتظامیہ، مقامی ادارے، کمیونٹیز الرٹ رہیں اور احتیاطی تدابیر اختیارکریں، سب سے درخواست ہے کہ حفاظت کو ترجیح دیں۔
شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان کے پاس پولر ریجن سے باہر کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے سب سے زیادہ گلیشیئرز ہیں، یاد رہے پچھلے سال گلاف کے30 سے زیادہ واقعات نے ہزاروں افراد کو بے گھر کر دیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز گرمی کی حالیہ لہر کے باعث گلیشیئر پگھلنے کے خدشات کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں گلاف الرٹ جاری کردیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں رواں ہفتے گرمی مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ درجہ حرارت معمول سے 4 تا 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے ہفتے کے دوران بارش کا سلسلہ بھی جاری رہے گا جس کے باعث دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں گلاف اور فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے۔