قرض پروگرام بحالی مشن، وزیراعظم ،ایم ڈی آئی ایم ایف میں ملاقات متوقع
آئی ایم ایف قرض پروگرام بحالی کے جتن جاری ہیں۔ تمام تر نظریں پیرس پر لگ گئیں جہاں وزیراعظم شہباز شریف اور ایم ڈی، آئی ایم ایف کے درمیان ملاقات متوقع ہے جس میں معاہدے کیلئے قائل کرنے کی آخری کوشش کی جائے گی۔
آئی ایم ایف کے ساڑھے 6 ارب ڈالر توسیعی قرض پروگرام کی بحالی کا مشن، پاکستان کے پاس وقت بہت کم رہ گیا،قرض پروگرام کی مدت میں محض نو روز رہ چکے ہیں، نویں اقتصادی جائزے کی کامیاب تکمیل اور نئی قسط کے حصول کیلئے وزیراعظم اور وزیر خزانہ خود میدان میں آگئے۔
اسحاق ڈار کی امریکی سفیر سے ملاقات
وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کے درمیان اسلام آباد میں اہم ملاقات ہوئی۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق امریکی سفیر کو پاک آئی ایم ایف مذاکرات میں اب تک کی پیشرفت کیساتھ بجٹ اقدامات، معاشی استحکام اور اصلاحات کیلئے جاری کوششوں سے آگاہ کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے معاہدے کیلئے مدد بھی مانگ لی۔ امریکی سفیر نے دو طرفہ اقتصادی و تجارتی تعلقات اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے تعاون کا یقین دلایا
وزیراعظم شہباز شریف پیرس پہنچ گئے
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نیو گلوبل فنانسنگ پیکٹ سمٹ میں شرکت کیلئے پیرس پہنچ گئے ہیں ۔ سائیڈ لائن پر عالمی رہنماؤں کے علاوہ آئی ایم ایف کی ایم ڈی کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات میں قرض پروگرام کی بحالی کیلئے بریک تھرو متوقع ہے۔
وزیراعظم نئے بجٹ سے متعلق آئی ایم ایف کے تحفظات دور کرنے اور پائیدار معاشی استحکام کیلئے جاری ضروری اصلاحات سے آگاہ کریں گے۔ تین سال سے زائد عرصے پر محیط قرض پروگرام کی مدت 3 جون کو ختم ہو رہی ہے۔ پاکستان کو اب تک 3.9 ارب ڈالر موصول ہو چکے جبکہ 2.6 ارب ڈالر کی فنانسنگ زیر التوا ہے۔