ری ویو آف ججمنٹ ایکٹ کیخلاف درخواستوں پر سماعت مکمل ہونے کا حکمنامہ جاری
سپریم کورٹ نے ری ویو آف ججمنٹ ایکٹ کیخلاف درخواستوں پر سماعت مکمل ہونے کا حکم نامہ جاری کر دیا۔ تمام فریقین کو تحریری دلائل 22 جون تک جمع کرانے کی مہلت دے دی گئی۔
سپریم کورٹ کے حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ اٹارنی جنرل سمیت تمام وکلاء نے اپنے دلائل مکمل کر لیے جس کے بعد فیصلہ محفوظ کیا جاتا ہے۔
الیکشن کمیشن کے وکیل نے گزارشات کرنے کیلئے اجازت مانگی مگرالیکشن کمیشن کے وکیل کا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں بنتا کیونکہ الیکشن کمیشن اس کیس میں فریق نہیں ہے تاہم الیکشن کمیشن کی طرف سے پیش ہونے والے سجیل سواتی ایڈووکیٹ ذاتی حیثیت میں تحریری گذارشات جمع کرا سکتے ہیں،ان کے دلائل عدالتی معاون کے دلائل تصور ہوں گے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل سپریم کورٹ آف پاکستان نے ری ویو آف ججمنٹ ایکٹ کیخلاف درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ چیف جسٹس کا کہنا ہے کہ فیصلہ جلدی ہی سنائیں گے۔ جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیئے کہ یہ قانون براہ راست سپریم کورٹ کے اختیارات سے متعلق ہے۔