کلر کہار سالٹ رینج پر بس حادثہ انتہائی افسوسناک ہے ، عبد العلیم خان
استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے صدر عبد العلیم خان نے کہا ہے کہ کلر کہار سالٹ رینج پر بس حادثہ انتہائی افسوسناک ہے ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں استحکام پاکستان پارٹی کے صدر نے لکھا کہ کلر کہار سالٹ رینج پر بس حادثہ انتہائی افسوسناک ہے جس کے نتیجے میں قیمتی جانی نقصان ہوا۔ مناظر انتہائی دلخراش ہیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ سفر کو محفوظ بنانے کے لیے موٹروے پولیس کو مزید بہتر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ دُکھ کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ ہیں۔ اللہ تعالی جاں بحق افراد کی مغفرت فرمائے۔ آمین۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نےکہا کہ کلر کہار بس حادثے کے نتیجے میں ضائع ہونے والی انسانی جانوں پر دلی طور پر رنجیدہ ہوں،سالٹ رینج پر حادثات کا تواتر کے ساتھ ہونا پریشان کن ہے۔
ٹویٹ میں انہوں نے ہدایت کی کہ موٹروے حکام اس امر کو یقینی بنائیں کہ موٹر وے پر چلنے والی گاڑیاں سفر کے قابل ہوں اور ڈرائیور حضرات ڈرائیونگ کے تمام معیارات پر پورے اترتے ہوں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل کرکے ہی سفر کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔ میری ہمدردیاں اور دعائیں ان تمام خاندانوں کے ساتھ ہیں جن کے پیارے اس دردناک حادثے میں ان سے بچھڑ گئے۔