باپ سے محبت کے اظہار کیلئے ’’ورلڈ فادرز ڈے‘‘ آج منایا جا رہا ہے
پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج 18جون کو باپ کی محبت، شفقت اور قربانیوں کے اعتراف میں ورلڈ فادر ڈے منایا جا رہا ہے۔
ہر سال جون کے تیسرے اتوار کو اس دن کے منانے کا مقصد والد کی عظمت، عزت و وقار کا اعتراف اور ان کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے تاہم کچھ بدقمست اولادیں ایسی بھی ہیں جو جیتے جی بھی باپ جیسی نعمت سے محروم ہیں۔ جس کی زندہ جاگتی مثالیں اولڈ ایج ہوم ہیں، جہاں کئی باپ اپنے بچوں کی راہ تک رہے ہیں۔
والدین کی اپنے بچوں کے ساتھ محبت لازوال ہے، ان کی سب سے بڑی خوشی اپنے بچوں کے ساتھ وقت گزارنا ہوتی ہے لیکن اولڈ ایج ہومز غمزدہ والدین کی دکھ بھری کہانیوں سے بھرے پڑے ہیں۔
ایدھی سینٹرمیں پناہ لینے والے بزرگ اسعد کا کہنا ہے کہ ایدھی ہوم نہ ہوتا شاید کسی فٹ پاتھ پر ہوتا، دوبیٹیاں ہیں، چار سال پہلے بیوی کا انتقال ہوگیا، کئی سال سے بیروزگار تھا،بہت طعنے ملتے تھے، کھانا وقت پرنہیں دیتے تھے،ایک دن گھر سے ہی نکال دیا۔