پرویز الٰہی کی درخواست منظور، جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ معطل
لاہور ہائیکورٹ نے چوہدری پرویز الٰہی کو دوبارہ جسمانی ریمانڈ کیلئے پیش کرنے کا سیشن عدالت کا فیصلہ معطل کردیا۔ عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی اپیل منظور کرتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس وحید خان نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے دوبارہ جسمانی ریمانڈ کیخلاف اپیل کی سماعت کی، پرویز الٰہی کو دوبارہ جسمانی ریمانڈ کیلئے پیش کرنے کا سیشن عدالت کا فیصلہ معطل کردیا گیا۔
عدالت عالیہ نے پرویز الٰہی کی اپیل منظور کرتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کرلیا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے قانونی طور پر چوہدری پرویز الٰہی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوایا، انہوں نے جوڈیشل ریمانڈ کے بعد ضمانت کیلئے درخواست دی، محکمہ اینٹی کرپشن نے جسمانی ریمانڈ نہ دینے پر فیصلے کو سیشن عدالت میں چیلنج کردیا۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ سیشن عدالت نے کسی قانونی جواز کے بغیر جوڈیشل مجسٹریٹ کا حکم معطل کیا، دوبارہ جسمانی ریمانڈ دینے کا فیصلہ بے بنیاد ہے، عدالت سیشن عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔