ای او بی آئی کیس: سپریم کورٹ کا 6 ہفتوں میں مسئلہ حل کرنے کا حکم
سپریم کورٹ نے ای او بی آٸی کو 6 ہفتوں میں جاٸیدادوں کے تنازع سے متعلق فیصلہ کرنے کا حکم دیدیا، عدالت نے پیشرفت سے متعلق آگاہ رکھنے کی بھی ہدایت کردی۔
ای او بی آئی کیس میں متاثرین کے وکیل مخدوم علی خان نے 10 سال سے ادائیگیاں نہ ہونے کا نکتہ اٹھایا تو چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا دس سال کے مقابلے میں آج پراپرٹی کی قیمتیں کہاں سے کہاں پہنچ گٸی ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ جن کے کروڑوں پھنسے ہوئے ہیں وہ بھی پاکستانی شہری ہیں، ای او بی آٸی ایک بڑا ادارہ ہے، اسے دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کریں، امید ہے ای او بی آٸی دیانت داری کے ساتھ فیصلہ کرے گا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ جن کے پیسے واپس کرنے ہیں واپس کریں، ورنہ پراپرٹی ان کے حوالے کی جائے، اس مسٸلے کا ای او بی آٸی کو حل نکالنا ہوگا۔
ای او بی آٸی حکام نے مہلت کی استدعا کی تو عدالت نے سماعت اگست تک ملتوی کردی۔