’پاک روس نئے تعلقات کا آغاز‘، روسی خام تیل پاکستان پہنچ گیا
روس سے خام تیل لے کر پہلا جہاز پاکستان پر پہنچ گیا ہے۔
ترجمان کراچی پورٹ ٹرسٹ کے مطابق روس کا پہلا تیل بردار جہاز کراچی کی بندرگاہ پر پہنچ گیا ہے۔ 45 ہزار ایک سو بیالس میٹرک ٹن خام تیل لیکر کراچی بندرگاہ پر لنگر انداز ہو گیا ہے، روسی آئل ٹینکر پیور پوائنٹ کو OP2 پر برتھ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف
دوسری طرف سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم شہباز شریف نے لکھا کہ میں نے قوم سے اپنا ایک اور وعدہ پورا کیا ہے۔ یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہوئی روس کا پہلا رعایتی خام تیل کا کارگو کراچی پہنچ گیا ہے اور کل سے تیل کی ترسیل شروع ہو جائیگی ، آج ایک تبدیلی کا دن ہے۔ ہم خوشحالی، اقتصادی ترقی اور توانائی کی حفاظت اور سستی کی طرف ایک ایک قدم آگے بڑھ رہے ہیں۔ یہ پاکستان کے لیے روسی تیل کا پہلا کارگو ہے اور پاکستان اور روسی فیڈریشن کے درمیان نئے تعلقات کا آغاز ہے۔ میں ان تمام لوگوں کی تعریف کرتا ہوں جو اس قومی کوشش کا حصہ رہے اور روسی تیل کی درآمد کے وعدے کو حقیقت میں بدلنے میں اپنا حصہ ڈالا۔
خیال رہے چند دن قبل پاکستان کے وزیر مملکت برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے روسی خام تیل کی امپورٹ کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کے سستا ہونے کی خوشخبری دی تھی۔
واضح رہے کہ وزیر مملکت مصدق ملک نے چند روز قبل کہا تھا کہ بحری جہاز عمان پہنچ چکے ہیں اور پاکستان کو سستے تیل کی سپلائی ایک ہفتے میں شروع ہو جائے گی۔روس سے سستا تیل پاکستان آنے والا ہے۔ جیسے ہی روس سے تیل آئے گا، قیمتیں کم ہونا شروع ہو جائیں گی۔پاکستان میں توانائی کے شعبے کا زیادہ تر دار و مدار درآمد ہو کر آنے والے ایندھن پر ہے جبکہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیتمیں ابھی تک کافی زیادہ تصور کی جا رہی ہیں۔