بجٹ 2023-24 میں آبی وسائل کیلئے اربوں روپے مختص
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی حکومت نے اپنے آخری بجٹ میں آبی وسائل کیلئے10 ارب 50 کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بجٹ تقریر میں کہا کہ پچھلے سال مہمند ڈیم کی تکمیل کے لیے 12 ارب روپے فراہم کیے گئے ہیں، اگلے مالی سال میں بھی اس منصوبے کے لیے 10 ارب 50 کروڑ روپے کی رقم مختص کی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسی طرح 2160 میگا واٹ اسعتداد کےداسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لیے ترجیحی بنیادوں پر تقریباً 59 ارب روپے کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، دیامیر بھاشا ڈیم کے لیے بیس ارب روپے فراہم کیے جائیں گے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ دیگر اہم منصوبوں میں 969 میگا واٹ کے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لیے 4 ارب روپے 80 کروڑ روپے، تربیلا ہائیڈرو پاور کی استعداد میں اضافے کے لیے چار ارب 45 کروڑ روپے اور وارسک ہائیڈرو الیکٹرک پاور سٹیشن کی بحالی کے لیے دو ارب 60 کروڑ روپے کی رقم فراہم کی جائے گی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ان منصوبوں سے ز رعی شعبہ کے لیے پانی کی فراہمی اور سستی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہو گا۔اور اس کے ساتھ ساتھ کراچی میں پینے کے پانی کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے کے فور گریٹر واٹر سپلائی سکیم کے لیے بھی 17 ارب 50 کروڑ روپے کی رقم مہیا کی جائے گی۔