فوجی تنصیبات پرحملہ آوروں کو فوجی قانون کے مطابق سزا ملے گی، وزیراعظم
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف کی گرفتاری کرپشن پر ہوئی اگر وہ سچے ہوتے توعدالت سے کلین چٹ لیتے مگر اس نے اپنے لوگوں کو اُکسایا۔ اس کے ناقابل تردید شہادتیں موجود ہیں۔
ترک میڈیا کو انٹرویو میں وزیراعظم نے کہا کہ 9 مئی کے حملوں پر اب قانون اپنا راستہ لے رہا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کارکنوں کو حملوں کیلئے تیار کیا۔ ثبوت موجود ہیں کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ٹھگوں کے گروہ کو اُکسایا۔ ٹھگوں کے گروہ نے شہدا کی یادگاروں اور قبروں پر حملہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو شرپسند جتھوں نے ریاست کی رٹ کو چیلنج کیا، ریاست کے خلاف سنگین اقدامات کی منصوبہ بندی کے ٹھوس شواہد موجود ہیں، شرپسند عناصر اور قومی تشخص کو مجروح کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کےخلاف سنگین کرپشن کے الزامات ہیں، گزشتہ حکومت نے 4 سال میں پوری اپوزیشن کو انتقام کا نشانہ بنایا، گزشتہ حکومت کے سیاسی انتقام کے باوجود کسی نے سرکاری اداروں پرحملہ نہیں کیا۔
شہبازشریف نے کہا کہ وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالتے ہی کئی اہم چیلنجز درپیش رہے، گزشتہ حکومت کی ناقص پالیسیوں سے ملک ڈیفالٹ ہونے کے قریب تھا، گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف پروگرام کی خلاف ورزی کی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کردیں اب فیصلے کے منتظر ہیں۔ امید ہے آئی ایم ایف سے اسی ماہ اچھی خبر ملے گی۔ آئی ایم ایف پروگرام نہ مل سکا تو بہادر قوم پاؤں پر کھڑی ہوگی۔
شہباز شریف نے کہا کہ رجب طیب اردوان کے منصب سنبھالنے سے دونوں ممالک کے عوام مزید قریب ہوں گے، پاکستان ترکیے باہمی تجارتی حجم گہرے برادرانہ تعلقات کا آئینہ دار ہونا چاہیے، پاکستان ترکیےکےقربت پر مبنی تعلقات اعتماد کے رشتوں پر استوار ہیں۔