جن ٹیموں نے پاکستان آنے کی مخالفت کی پی سی بی کو انکے خلاف سخت ایکشن لینا چاہئیے،وہاب ریاض
مشیر کھیل وہاب ریاض نے سماء سے خصوصی گفتگو میں کہا ایشیاء کپ میں جن ٹیموں نے پاکستان آنے کی مخالفت کی یا ساتھ نہیں دیا پی سی بی کو انکے خلاف سخت ایکشن لینا چاہئیے۔
مشیرکھیل وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ سری لنکا ،بنگلہ دیش اور افغانستان کو ہمیشہ برے وقت میں پاکستان نے سپورٹ کیا، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان اگر پاکستان میزبانی کی مخالفت کرتا ہے تو پھر پی سی بی کو بھی انکی مخالفت کرنی چاہئیے۔
وہاب ریاض نے مزید کہا،ورلڈ کپ پاکستان میں ہو یا نیوٹرل وینیو پر پاکستان کو کھیلنا چاہئیے۔ابھی بھی خواہش ہےکہ پاکستان کی طرف سے کھیل سکوں۔ورلڈ کپ اورایشیاء کپ میں خواہش ہے کہ چھلانگیں مار مار کر پاکستان کی طرف سے کھیلوں۔
وہاب ریاض نے کہا میری خواہش ہے کہ پاکستان کے فاسٹ باولنگ کیمپ میں باولنگ کروں۔ میں سپورٹس مین ہوں جب تک میں اپنی تیاری نہیں رکھوں گا تب تک چل نہیں سکوں گا۔کیمپ میں دوسرے باولرز دوست ہیں اس میں صرف یہ کوشش ہوتی کہ اپنا آپ بہتر کرسکوں۔
مشیر کھیل نے مزید کہا ابھی ڈومیسٹک کرکٹ نہیں ہورہی اس لئے لیگز کھیلنی ہے اس لئے پریکٹس کی وجہ سے کیمپ کا کہا۔یہ نہیں چاہتا کہ میں بغیر دعوت کے کیمپ میں چلے جاوں اور لوگ کہیں کہ اختیار کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں۔پی سی بی نے مجھ سے ابھی تک کیمپ میں بلانے کے لئے رابطہ نہیں کیا۔ریڈ بال کھیلتا نہیں ہوں اس لئے مجھے نہیں بلایا گیا۔