ملک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے بیانات گمراہ کن ہے، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی بین الاقوامی میڈیا کے ساتھ انٹرویوز میں کھلے عام غلط بیانی کررہا ہے، 9 مئی کے واقعات کے بعد ملک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے اس کا بیان گمراہ کن ہے۔
ٹویٹر پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایسے بیانات کا مقصد پاکستان پردباؤ ڈالنا ہے، دنیا کا کوئی بھی ملک اپنی سالمیت کو تباہ کرنے کی ایسی کوشش کوبرداشت نہیں کرے گا۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ حقوق کی خلاف ورزی نہ ہو۔
وزیراعظم نے کہا کہ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے ساتھ اپنے انٹرویوز میں عمران نیازی جعلی خبروں اورغلط معلومات کے ذریعے کھلے عام غلط بیانی کررہا ہے، 9 مئی کے واقعات کے بعد انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور سیاسی احتجاج کے حق کو سلب کرنے کے حوالے سے اس کا بیان گمراہ کن ہے جس کا مقصدملک سے باہررائے عامہ گمراہ کرنا اور ملک پر دباؤ ڈالنا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ وہ سیاق وسباق کو درست طور پر پیش کرنا چاہتے ہیں، عمران نیازی کی پارٹی نے 9مئی کو جو کیا وہ ریاست پاکستان پر ایک کھلا حملہ تھا جس کے مذموم ارادے اورمقاصد تھے، دنیا کا کوئی بھی ملک اپنی سالمیت کو تباہ کرنے کی ایسی کوشش کو برداشت نہیں کرے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ سب کو یقین دلاتے ہیں کہ مجرموں سے قانون کے تحت نمٹا جائے گا اور میں اس بات کو یقینی بناؤں گا کہ حقوق کی خلاف ورزی نہ ہو،ہر کیس کو قانون کے تحت مناسب طریقے سے نمٹایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان انسانی حقوق سے متعلق اپنی تمام آئینی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کا مکمل احترام کرتا ہے اور ان کی ادائیگی کا پابند ہے۔پاکستان اپنی تمام تر ائینی اور انسانی حقوق سے متعلق ذمہ داریوں کا احترام کرتا ہے اور انہیں پورا کرنے کیلئے پر عزم ہے۔