بھارت ٹرین حادثہ : وزیراعظم اوروزیر خارجہ کاقیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس
وزیراعظم شہباز شریف اوروزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارت میں ٹرین حادثے میں سینکڑوں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹرپرایک پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف نے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کی جو اس سانحے میں اپنے پیاروں کو کھو بیٹھے ۔ اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
یہ بھی پڑھیں:۔بھارت میں مسافر اور مال برادر ٹرینوں میں خوفناک تصادم، 280 افراد ہلاک،سیکڑوں زخمی
وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ایک ٹویٹ میں بھارت میں ٹرین حادثے پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ سیکڑوں جانوں کےنقصان پر دکھ ہوا۔
بلاول بھٹونے مرنےوالوں کےاہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئےدعاکی۔
یاد رہے کہ بھارتی ریاست اوڈیسہ کے بالاسور ضلع میں مسافر ٹرین کے پٹڑی سے اترنے اور مال ٹرین سے ٹکرا جانے سے اب تک 300 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سیکڑوں افراد زخمی ہیں۔