علی ظفر کی سیاست میں آنے کی خبریں جعلی قرار
معروف گلوکار علی ظفر نے سیاست میں آنے کی خبروں کو بےبنیاد قرار دے دیا۔
خیال رہے کہ علی ظفر کی سیاست میں شمولیت کی افواہیں سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں، تاہم بعد ازاں گلوکار نے ان خبروں کی تردید کر دی تھی۔
اب ایک مرتبہ پھر معروف گلوکار نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر سیاست کا حصہ بننے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی خبروں پر ہرگز یقین نہ کریں۔
انہوں نے لکھا کہ مجھے چند خبروں کا فیس بُک لنک شیئر کیا گیا تھا جس میں خبر تھی میں سیاست میں شامل ہورہا ہوں۔ ایک مرتبہ پھر واضح کردوں ایسا نہیں ہے اور نہ ہی میرا ایسا کوئی ارادہ ہے۔
علی ظفر نے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی خبروں پر یقین نہ کریں۔
گلوکار نے منفی خبریں پھیلانے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے لکھا کہ تمام جھوٹی خبریں پھیلانے والوں! یار خدا کا واسطہ اپنا کام ٹھیک طرح کریں، اتنی بُری ایڈیٹنگ۔