شہباز شریف کو بھارت آنے سے روکنے کیلئے ایس سی او اجلاس ورچوئل کرانے کا عندیہ
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کو بھارت سے آنے روکنے کے لیے مودی سرکار نے شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہ اجلاس ورچوئل کروانے کا عندیہ دیدیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کا دورہ کیا اس دوران انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے دوران پاکستان کا موقف بھرپور انداز اٹھایا ، ان کی روس سمیت مختلف ممالک کے وزرائے ہم منصب سے ملاقات ہوئی۔
بھارتی میڈیا کو انٹرویو کے دوران وزیر خارجہ نے پاکستان کا پیغام زبردست انداز میں ہمسایہ ملک میں اٹھایا اور مسئلہ کشمیر پر بھی صدا بلند کی۔
اب وزیرخارجہ بلاول بھٹو کے کامیاب دورہ بھارت کے بعد نیا بھارتی پراپیگینڈہ سامنے آ گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کو بھارت آنے سے روکنے کیلئے بھارت نے سربراہ اجلاس ورچوئل کرانے کا عندیہ دیا ہے، شنگھائی تعاون تنظیم سربراہ اجلاس 4 جولائی کو بھارت کی میزبانی میں ہو گا۔
22ویں ایس سی اوسربراہ اجلاس کی صدارت بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کریں گے، چین، روس، قازقستان، کرغزستان، پاکستان، تاجکستان اور ازبکستان اجلاس میں شریک ہوں گے۔
ایران، بیلاروس اورمنگولیا کو مبصر ریاستوں کے طور پر مدعو کیا گیا۔ روایت کے مطابق ترکمانستان کو بھی مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا گیا جبکہ اقوام متحدہ، آسیان سمیت 6عالمی اورعلاقائی تنظیموں کےمبصرین میں اجلاس میں مدعو ہوں گے۔