آڈیو لیکس کی تحقیقات کیلئے قائم کمیٹی اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج
سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب نے مبینہ آڈیو لیکس کی تحقیقات کیلئے قائم کمیٹی کو چیلنج کردیا، اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی، رجسٹرار آفس نے اعتراض لگا دیا اور کہا ایک رٹ میں 2 مختلف نوعیت کی استدعا نہیں کی جاسکتی۔
سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اپنایا کہ 2 مئی کو اسپیکر قومی اسمبلی نے مبینہ آڈیو لیکس کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم کی جو غیر قانونی ہے، اسپیکر کو ایسا کرنے کا اختیار نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 25 مئی کو سیکریٹری اسمبلی کی جانب سے ایک نوٹس جاری کرکے میرے والد کو ذاتی حیثیت میں کمیٹی کے روبرو پیش ہونے کا کہا گیا۔
نجم ثاقب کا کہنا ہے کہ عدالت سے استدعا ہے کہ اسپیکر کی تشکیل کردہ کمیٹی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے آپریشنز کو بھی معطل کیا جائے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ رجسٹرار آفس نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب کی درخواست پر 2 قسم کے اعتراض عائد کر دیئے۔
رجسٹرار آفس کا کہنا ہے کہ آڈیو لیکس کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیر التواء ہے، ایک رٹ میں 2 مختلف نوعیت کی استدعائیں نہیں کی جا سکتیں۔