جناح اسپتال کی سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی انتقال کرگئیں
کراچی کے جناح اسپتال کی سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹرڈاکٹرسیمی جمالی انتقال کرگئیں۔
ڈاکٹر سیمی جمالی کے شوہر اے آر جمالی نے انتقال کی تصدیق کردی، ان کی نمازجنازہ کل بعد نمازعصر جناح اسپتال کی مسجد میں ادا کی جائے گی جبکہ تدفین سے متعلق فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
ڈاکٹر سیمی جمالی بڑی آنت کے کینسرمیں مبتلا اورگذشتہ کئی روزسےآغاخان اسپتال میں زیرعلاج تھیں۔
ڈاکٹر سیمیں جمالی 33 سال تک جناح اسپتال میں خدمات انجام دیتیں رہیں،اور 19 اگست 2021 کو ریٹائرڈ ہوگئیں۔2010 میں انہیں جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر بنایا گیا ,6 سال بعد 2016 میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر بنیں ۔
ڈاکٹر سیمیں جمالی کو ایمرجنسی کیئر میں معیار اور نظم و ضبط قائم کرنے کے حوالے سے جانا جاتا ہے، انہوں نے نوابشاہ سے میڈیکل کی تعلیم مکمل کی، سول ہسپتال کراچی میں ہاؤس جاب کی، 1988 میں جے پی ایم سی میں بطور میڈیکل افسر (ایم او) جوائن کیا۔
جس کے بعد 1993 میں تھائی لینڈ سے ماسٹر آف پبلک ہیلتھ مینجمنٹ (ایم پی ایچ ایم) کی ایڈوانس ڈگری حاصل کی۔جس کے بعد 1995 میں انہیں جے پی ایم کے شعبہ حادثات کا انچارج مقرر کیا گیا۔
بعد ازاں انہیں امریکی شہر بالٹی مور میں موجود جان ہاپکنز یونیورسٹی نے پبلک ہیلتھ پالیسی اینڈ انجری پریونشن میں پوسٹ ڈاکٹرل کی فیلوشپ بھی فراہم کی۔اسپتال پر دہشت گردی کے حملے بھی ہوئے لیکن وہ ثابت قدم رہیں۔
انہوں نے طب کی دنیا میں بہادر ی، دلیری اور ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے گراں قدر خدمات انجام دیں،1988میں جناح اسپتال میں میڈیکل آفیسر تعینات ہوئیں بعد میں شعبہ حادثات میں خدمات انجام دینے کا آغاز کیا، دوران ملازمت تقریباً 200 بم دھماکوں میں زخمی ہونے والوں کا علاج جناح اسپتال میں کیا گیا۔
ڈاکٹر سیمیں جمالی کوبے پناہ خدمات کی بناء پر حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ ٔ امتیاز اور پاک فوج کی جانب سے اعزازی لیفٹیننٹ کرنل کا ایوارڈ دیا گیا۔