پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کی گرفتاری پر وزارت داخلہ سے جواب طلب
اسلام آباد ہائیکورٹ نے شاہ محمود قریشی کی گرفتاری پر وزارت داخلہ سے جواب طلب کرلیا۔
شاہ محمود قریشی کیخلاف مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پرچیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی۔اسلام آباد پولیس نےعدالت کو بتایا وفاقی دارالحکومت میں شاہ محمود قریشی کے خلاف دو مقدمات جبکہ ان کے خلاف چھ پرانے کیسز بھی ہیں۔تاہم یہ معلوم نہیں کہ وہ کہاں اور کس مقدمہ میں گرفتار ہیں ۔
عدالت نے وزارت داخلہ کو نوٹس جاری کیا کہ عدالت کو آگاہ کریں کہ شاہ محمود قریشی کس مقدمہ میں گرفتار ہیں ؟شاہ محمود قریشی کی دوبارہ گرفتاری کیخلاف درخواست کی سماعت کےدوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نےعدالت کو بتایا کہ شاہ محمود کو ڈپٹی کمشنرراولپنڈی کے تھری ایم پی او کے تحت احکامات پرگرفتار کیا گیا اوروہ اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔
عدالت نے متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی ۔اسلام آباد پولیس نے اسد قیصر کے خلاف سات مقدمات کا ریکارڈ بھی ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا۔وکیل بابراعوان نے ریکارڈ نامکمل ہونے کا اعتراض اٹھایا تو عدالت نے کل تک دیگرمقدمات کی رپورٹ جمع کرانے کا حکم جاری کر دیا۔
لاہورہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں اسد عمرکی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔عدالت نےعدالت نے آئی جی پنجاب کوچھبیس مئی تک مقدمات کی مکمل تفصیلات پیش کرنے کا حکم دیا۔ڈپٹی کمشنر اورکمشنر راولپنڈی سے اسد عمرکی نظربندی کے متعلق تحریری رپورٹ طلب کر لی۔