القادرٹرسٹ کیس؛بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت منظور،نیب کو31 مئی تک نوٹس جاری
احتساب عدالت نے القادر ٹرسٹ کیس میں بشری بی بی کی 31 مئی تک عبوری ضمانت منظورکرتے ہوئے نیب سے جواب طلب کرلیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اپنی اہلیہ بشری بی بی کے ہمراہ مختلف کیسز میں پیشی کیلئے اسلام آباد پہنچ گئے۔
احتساب عدالت میں القادرٹرسٹ کیس کی سماعت ہوئی۔بشریٰ بی بی کے وکیل خواجہ حارث جج محمد بشیرکی عدالت میں پیش ہوئے۔کس لیے آئے ہیں،جج کا خواجہ حارث سے مکالمہ، وکیل خواجہ حارث نے کہا بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت کےلیےآیاہوں،جج نےریمارکس دیتے ہوئے کہا اسی لیے پولیس کی نفری لگائی گئی ہے۔بعدازاں عدالت نے بشریٰ بی بی کی 31 مئی تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب جواب طلب کرلیا۔احتساب عدالت نے 5لاکھ روپے مچلکوں کےعوض عبوری ضمانت منظورکی ہے۔
عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے احتساب عدالت میں ضمانت کی درخواست دائرکی تھی۔ ترمیمی ایکٹ کے تحت احتساب عدالت کو درخواست ضمانت سننے کا اختیارہے۔
عمران خان کے خلاف نیب تحقیقات کیلئے پراسیکیوشن ٹیم تشکیل دیدی گئی۔ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر پراسیکویشن کی سربراہی کریںگے۔سہیل عارف ،عثمان مسعود اور رافع مقصود پراسیکیوشن ٹیم میں شامل ہیں ۔پراسیکیوٹرجنرل نیب نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
اسلام آباد انسداد دہشت گردی کورٹ عمران خان کی 8 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پرسماعت ہوئی،عمران خان روسٹرم پر آ گئے،کہا پہلا قاتلانہ حملہ ہوا پھرجوڈیشل کمپلیکس میں قاتلانہ حملہ ہوا،کل وزیر داخلہ کا بیان آیا کہ میری جان کو خطرہ ہے،وزیرداخلہ میری مخالف پارٹی کا ہےوہ کہہ رہا ہےمیری جان کو خطرہ ہے،گھر سے باہر نکلتا ہوں تو میں اپنی جان کو ہتھیلی پر رکھ کر نکلتا ہوں،میں شامل تفتیش ہونا چاہتا ہوں میرے گھر آجائیں اورمیں شامل تفتیش ہو جاؤنگا۔جس پر جج نے ریماکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی درخواست آ گئی ہے میں اس پر حکم نامہ جاری کروں گا۔
بعدازاں عدالت نے عمران خان کی دہشتگردی کے 8 مقدمات میں ضمانت میں 8 جون تک توسیع کردی۔
چیئرمین پی ٹی آئی زمان پارک لاہور سے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ہمراہ مختصر قافلے کے ساتھ اسلام آباد کیلئے روانہ ہوئے۔نیب دفترکے اطراف سیکیورٹی کی سخت انتظامات،ایف سی اوراسلام آباد پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے،رینجرزکو بھی نیب دفتر کے اطراف تعینات کردیا گیا۔نیب راولپنڈی سے ملحقہ راستوں کو بند نہیں کیا گیا،راستے کھلے ہیں۔
نیب نے عمران خان سے 19 کروڑ پاؤنڈز کی مبینہ غیر قانونی منتقلی سے متعلق 20 سوالوں کے جواب طلب کیے ہیں۔نیب نے نئے نوٹس میں عمران خان سے اثاثوں کی تفصیلات بھی طلب کررکھی ہیں۔
گزشتہ نوٹس میں نیب نے 19 کروڑ پاونڈزکی غیرقانونی منتقلی کیس میں عمران خان کا جواب مسترد کردیا تھا۔نیب ٹیم نے عمران خان کو 18 مئی کوبھی طلب کیا تھا تاہم حاضرنہیں ہوئے تھے۔
خیال رہےچئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سی این این کوانٹرویو دیتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ 80 فیصد چانسز ہیں کہ انکو دوبارہ گرفتار کرلیا جائے گا۔