نگراں حکومت پنجاب کو کام سے روکنے کی درخواست پر گورنر سمیت فریقین کو نوٹس
پنجاب کی نگراں حکومت کو کام سے روکنے کی درخواست پر گورنر پنجاب سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیا گیا۔
مقامی عدالت کے جج جسٹس شاہد کریم نے نگراں پنجاب حکومت کو کام سے روکنے کیلئے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔ نگراں حکوموت کیخلاف درخواستیں شیخ رشید، زینب عمیر سمیت دیگر نے دائر کر رکھی ہیں۔
عدالت نے گورنر پنجاب کو بذریعہ پرنسپل سیکریٹری سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
درخواست گزاروں کا مؤقف ہے کہ پنجاب کی نگراں حکومت 90 روز کی آئینی مدت پوری کرچکی ہے، عدالت نگراں پنجاب حکومت کو کام سے روکنے کا حکم دے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے جنوری میں پنجاب حکومت کا خاتمہ کرتے ہوئے اسمبلی تحلیل کردی تھی، جس کے بعد صوبے میں نگراں حکومت قائم کی گئی تھی، جسے 90 روز میں عام انتخابات کرانے تھے۔
سپریم کورٹ نے پنجاب اسمبلی انتخابات کیلئے 14 مئی کی تاریخ مقرر کی تھی تاہم نگراں حکومت کی آئینی مدت پوری ہونے کے باوجود صوبائی اسمبلی کے انتخابات تاحال نہیں ہوسکے۔