پی ٹی آئی کی گوجرانوالہ سے بھی وکٹ گرگئی
پاکستان تحریک انصاف کے سابق صوبائی وزیر پیر سید سعید الحسن شاہ نے بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔ کہتے ہیں کہ ملکی مفاد میں تمام سیاسی اکابرین اپنی انائوں کو قربان کریں۔
سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری پر مشتعل کارکنوں کی جانب سے پرتشدد احتجاج، عسکری اداروں پر حملے اور توڑ پھوڑ کی گئی۔
پی ٹی آئی کی پرتشدد پالیسی پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے پارٹی چھوڑنے کا سلسلہ جاری ہے۔
نارووال سے تعلق رکھنے والے سابق صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے بھی پاکستان تحریک انصاف سے راہیں جدا کرلیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیر سید سعید الحسن شاہ نے کہا کہ پاک فوج سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پی ٹی آئی سے لاتعلقی کرتا ہوں، ملکی مفاد میں تمام سیاسی اکابرین اپنی انائوں کو قربان کریں۔
پیر سید سعید الحسن شاہ کا تعلق نارووال سے ہے، وہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر پی پی 46 سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
فیصل آباد سے پی ٹی آئی مغربی پنجاب کے صدر فیض اللہ کموکا بھی پی ٹی آئی چھوڑنے کا فیصلہ کرچکے ہیں وہ بھی آج پریس کانفرنس میں پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کرینگے۔
اس سے قبل سابق مشیر امین اسلم اور پنجاب کے کئی اراکین صوبائی اسمبلی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر چکے ہیں۔