عدالت کا جیل انتظامیہ کو علی زیدی کو سہولیات فراہم کرنے کا حکم
جیکب آباد کی مقامی عدالت نے جیل انتظامیہ کو رہنما تحریک انصاف علی زیدی کو جیل مینول کے مطابق سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیدیا۔ علی زیدی کے وکلاء نےجیل میں سہولیات کی عدم فراہمی پردرخواست دائرکی تھی۔
تحریک انصاف کے گرفتار رہنما علی زیدی کو آج ڈسٹرکٹ جیل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پیش کردیا گیا۔ عدالت نے جیل انتظامیہ کوعلی زیدی کو جیل مینول کے مطابق سہولیات فراہم کرنے اور جیل انتظامیہ کو علی زیدی کی وکلاء سے ملاقات کرانے کا حکم دیدیا۔
خیال رہے کہ 17 مئی کو کراچی میں نجی اسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو میں علی زیدی کا کہنا تھا کہ پرامن احتجاج آئینی حق ہے کوئی نہیں روک سکتا لیکن 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں، کبھی تشدد کی حمایت نہیں کرسکتا۔
تحریک انصاف چھوڑنے کے حوالے گردش کرتی افواہوں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری سیاسی پیدائش تحریک انصاف میں ہوئی، عمران خان کے علاوہ کسی کو سیاستدان نہیں مانتا، تحریک انصاف اس دن چھوڑوں گا جس دن عمران خان چھوڑیں گے، تحریک انصاف میری جماعت ہے، مجھ پر کوئی دباؤ ڈال کرپارٹی نہیں چھڑواسکتا۔