عمران خان کی شیئر کی گئی تصویر جعلی نکلی
سوشل میڈیا پر وائرل ہونیوالی گمراہ کُن تصویر کا پوسٹ مارٹم ہوگیا۔ فرنس 24 کی تحقیقاتی ٹیم نے تحریک انصاف کی جانب سے مظاہرے میں عورت کی جعلی تصویر کے بخیے ادھیڑ دیئے۔ ثابت کردیا کہ یہ تصویر آرٹیفشل انٹیلیجنس کے ذریعے بنائی گئی۔
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو 9 مئی کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے نیب نے رینجرز کی بھاری نفری کی مدد سے گرفتار کیا تھا، جس کے بعد ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔
احتجاج کے دوران مختلف شہروں میں پرتشدد واقعات بھی رپورٹ ہوئے، لاہور میں کور کمانڈر ہاؤس (جناح ہاؤس) سمیت کئی عسکری تنصیبات پر حملے، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ بھی کیا گیا۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے پی ٹی آئی کے مظاہرے کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی جو وائرل ہوگئی۔ تصویر میں ایک خاتون کو فورسز کے سامنے ڈٹا ہوا دکھایا گیا ہے، جس کے عقب میں مظاہرین بھی موجود ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر اس پوسٹ پر ہزاروں کی تعداد میں ویوز اور لائیکس ہیں، اسے اس طرح پیش کیا جارہا ہے جیسے یہ مزاحمت کی علامت ہو۔
سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک عمران خان کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں یہ تصویر بھی شامل کی گئی ہے۔
فرانس کے نشریاتی ادارے فرانس 24 نے اس تصویر کے حوالے سے تحقیقات کیں تو پتہ چلا کہ جعلی ہے اور اسے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی ٹیکنالوجی) کے ذریعے تخلیق کیا گیا ہے۔