سیاسی مفاد کیلئے خواتین، نوجوانوں کے ذہن کو بارود خانہ بنایا گیا، مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور مرکزی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان میں نفرتیں پھیلانے، تشدد پر اکسانے، حملے، شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والے دشمن کے ایجنٹ ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر سے تنظیمی عہدیداروں نے ملاقات کی، پارٹی کےشعبہ خواتین، لاہور کی رہنما سعدیہ تیمور اور اقلیتی ونگ کے رہنماکامران بھٹی نے ماڈل ٹاﺅن میں ملاقات کی۔ دونوں راہنماﺅں نے پارٹی شعبہ جات کو متحرک اورتنظیم نو شروع کرنے پر مریم کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں پارٹی کی تنظیم سازی اور اس میں پیش رفت کے امور کا جائزہ لیاگیا جبکہ مریم نواز نے خواتین اور اقلیتی شعبوں کی کارکردگی کو سراہا۔
اس موقع پر مریم نواز نے کہا ہے کہ خواتین اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اولین ترجیح ہے، خواتین معاشرے کی نصف آبادی ہیں، وسائل اور اختیارات میں بھی نصف حصہ ملنا چاہیے، تحریک پاکستان سے لے کر ہر سیاسی تحریک میں خواتین نے نمایاں کردار اد اکیا، خواتین اور نوجوانوں کی نمائندگی میں بتدریج اضافہ کررہے ہیں ، مزید بڑھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بیٹوں کی طرح بیٹیوں کو پڑھانا اسلام کی تلقین ہے، حقوق اور وسائل میں امتیاز ختم کرنا ہے، خواتین اور اقلیتیں معاشرے میں استحصال کا زیادہ نشانہ بنتے ہیں، اسے ختم کریں گے، آئین کے تحت غیرمسلم پاکستانی یکساں حقوق رکھتے ہیں، امتیاز برتنا آئین شکنی ہے، غیرمسلم پاکستانیوں کی فلاح وبہود کے لئے جامع حکمت عملی پر کام کریں گے۔
ن لیگ کی سینئر نائب صدر نے کہا کہ ملک سے سیاسی انتشار، نفرتوں اور تشدد کی سوچ ختم کرنے میں خواتین اور اقلیتوں کو بھرپور کردار ادا کرنا ہے، خواتین بطور ماں، بہن، بیٹی خاص طور پر نوجوان نسل کی سوچ بدلنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں، وطن کی تعمیر، ادب اور اتحاد کی سوچ پروان چڑھا سکتی ہیں، سیاسی مفاد کی خاطر خواتین اور نوجوانوں کے ذہن کو بارود خانہ بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ خواتین اور نوجوان معاشرے کو اچھی قدروں سے ہم کنار کرنے میں قومی کردار ادا کریں، بارود بونے سے معاشرے اور اقوام تباہ ہوتے ہیں، مسلمانوں اور غیرمسلموں کے اتحاد سے پاکستان بنا تھا، پاکستان میں نفرتیں پھیلانے، تشدد پر اکسانے، حملے، شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والے دشمن کے ایجنٹ ہیں۔