القادر ٹرسٹ کیس:نیب نے عمران خان کی لیگل ٹیم کو طلبی کا نوٹس وصول کرادیا
قومی احتساب بیورو(نیب ) راولپنڈی کی ٹیم نے القادرٹرسٹ کیس میں تحریک انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیراعظم عمران خان کی لیگل ٹیم کو طلبی کا نوٹس وصول کرادیا۔
تفصیلات کے مطابق نیب راولپنڈی کی ٹیم القادر ٹرسٹ کیس میں تحریک انصاف کے چیئر مین اورسابق وزیراعظم عمران خان کی طلبی کا نوٹس موصول کرانے ان کی رہائش گاہ زمان پارک لاہور پہنچی،نیب ٹیم نے عمران خان کی لیگل ٹیم کو 23 مئی کی طلبی کا نوٹس وصول کروایا۔
نیب افسر نے میڈیا سے مختصر گفتگو میں کہا کہ القادر ٹرسٹ کیس نوٹس کی تعمیل کیلئے آئے تھے، جس کے بعد نیب ٹیم زمان پارک سے واپس روانہ ہوگئی۔
خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نےعمران خان کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیا تھا اورعدم تعاون پرعمران خان کی ضمانت منسوخی کا عندیہ بھی دیا تھا۔
نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں تفتیش کا باضابطہ آغاز کیا،اورتفتیشی ٹیم نے زبانی سوال وجواب کرنے کے ساتھ انہیں ایک سوالنامہ بھی بھرنے کیلئے دیا تھا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پربطوروزیراعظم القادرٹرسٹ کیس میں مبینہ کرپشن کا الزام ہے،اسلام آباد ہائیکورٹ نے القادرٹرسٹ کیس میں نیب کے ہاتھوں احاطہ عدالت سے گرفتاری کو قانونی قراردیا تھا۔
جس کے بعد رہائی کی درخواست پرسپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی القادر قادر ٹرسٹ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے ہونے والی گرفتاری کوغیر قانونی قراردیتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں مختلف مقدمہ میں پیشی کے دوران نیب نے عمران خان کو القادرٹرسٹ کیس میں رینجرزکی معاونت سے گرفتارکرلیا تھا۔
اس کے بعد عمران کی گرفتاری کیخلاف تحریک انصاف کے کارکن ملک بھرمیں سڑکوں پرنکل آئے، اس دوران سول اورعسکری تنصیبات کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا۔