اقلیتی رکن جے پرکاش کا پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف کے اقلیتی رکن جے پرکاش نے بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔ کہتے ہیں کہ فوج ہے تو پاکستان ہے، پاکستان ہے تو ہم ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد 9 مئی کو پرتشدد واقعات رونما ہوئے، مشتعل کارکنوں نے کور کمانڈر ہاؤس (جناح ہاؤس) سمیت کئی تنصیبات اور عوامی املاک پر حملے کئے، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ بھی کیا۔
لاہور سمیت دیگر شہروں میں 9 مئی کے پرتشدد واقعات پر پاکستان تحریک انصاف کے سندھ سے سابق رکن قومی اسمبلی جے پرکاش نے بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ 9 مئی کا پُرامن احتجاج فوجی تنصیبات پر حملوں تک گیا، 9 مئی کے واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہوں، جو کچھ ہوا اس کی ہدایات نہیں تھیں۔
جے پرکاش کا مزید کہنا ہے کہ فوج ہے توپاکستان ہے، پاکستان ہے تو ہم ہیں، دل پر پتھر رکھ کر پارٹی کو الوداع کہہ رہا ہوں، 8 مئی تک پارٹی چھوڑنے کا ارادہ نہیں تھا۔
سابق رکن قومی اسمبلی جے پرکاش نے واضح کیا کہ بغیر کسی دباؤ کے تحریک انصاف چھوڑ رہا ہوں۔
اس سے قبل وفاقی وزیر عامر کیانی، وزیراعظم کے مشیر امین اسلم اور جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے 7 سابق اراکین صوبائی اسمبلی پی عمران خان کا ساتھ چھوڑ کر جاچکے ہیں۔