پرامن احتجاج کیلئے تیار رہیں، عمران خان کی کارکنوں کو ہدایت

جلاؤ گھیراؤ اور بعض مقامات پر فائرنگ ایجنسیوں کے افراد نے کی: عمران خان کا الزام
<p>File photo</p>

File photo

پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تمام شہری پرامن احتجاج کیلئے تیار رہیں، عوامِ پاکستان کو پیغام ہے خون کے آخری قطرے تک حقیقی آزادی کیلئے لڑوں گا۔ یاسمین راشد اور میری بہنوں نے مظاہرین سے جناح ہاؤس لاہور کو نقصان نہ پہنچانے کا کہا۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سلسلہ وار ٹویٹس میں کیا۔

ایک ٹویٹ میں سابق وزیراعظم نے لکھا کہ ہماری وسطی پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد اور میری بہنیں واضح طور پر مظاہرین سے کہہ رہی ہیں کہ جناح ہاؤس لاہور کو نقصان نہ پہنچائیں۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ واضح طور پر یہ جان بوجھ لوگوں کو اشتعال دلوایا گیا کہ وہ حملہ کریں۔ تاکہ اس کے بعد پی ٹی آئی کیخلاف مزید کریک ڈاؤن کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں، مجھے10 سال قید اور تحریک انصاف پر پابندی عائد کرنے کا منصوبہ ہے، عمران خان

عمران خان نے مزید کہا کہ اس واقعے کے بعد میرے ساتھ ہمارے کارکنوں اور سینئر قیادت کو جیلوں میں ڈالنا چاہتے تھے تاکہ لندن پلان میں نواز شریف کو دی گئی یقین دہانیوں کو پورا کیا جا سکے۔

ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ ہمارے پاس کسی بھی آزادانہ انکوائری کو پیش کرنے کے لیے کافی شواہد موجود ہیں کہ آتش زنی اور کچھ جگہوں پر فائرنگ ایجنسیوں کے افراد نے کی جو تباہی پھیلانا چاہتے تھے اور الزام پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر ڈالنا چاہتے تھے تاکہ موجودہ کریک ڈاؤن کا جواز ہو۔

اس سے قبل ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ چنانچہ اس امر کا سراغ لگائے بغیر کہ سرکاری عمارتوں کو نذرِ آتش کرنے یا درجنوں غیرمسلّح مظاہرین کی گولیاں لگنے سے اموات کا ذمہ دار کون تھا اور اس منصوبے کے تحت کہ پاکستان کی سب سے بڑی اور واحد سیاسی جماعت پر پابندی عائد کر دی جائے۔

سابق وزیراعظم نے لکھا کہ تحریک انصاف کے تقریباً 7000 قائدین، کارکنان اور خواتین کو جیلوں میں ڈال دیا گیا ہے۔ اس دوران سیکورٹی ایجنسیز سپریم کورٹ پر قبضہ جمانے اور دستورِ مملکت کو پیروں تلے روندنے میں ان غنڈوں کی سہولت کاری میں مصروف ہیں۔

پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ تمام شہری پرامن احتجاج کیلئے تیار رہیں کیونکہ اگر عدالتِ عظمٰی اور آئین کو تباہ و تاراج کردیا گیا تو تصوّرِ پاکستان ہی دم توڑ دے گا۔

یہ بھی پڑھیں، عمران خان کی گرفتاری، پی ٹی آئی کا نیب اوررینجرز کیخلاف مقدمہ درج کرانےکا فیصلہ

ایک اور ٹویٹ میں عمران خان کا کہنا تھا کہ چنانچہ اب لندن پلان تو کھل کر سامنے آچکا ہے۔ میں قید میں تھا تو تشدد کی آڑ میں یہ خود ہی جج، جیوری اور جلاد بن بیٹھے ہیں، منصوبہ اب یہ ہے کہ بشریٰ بیگم کو زندان میں ڈال کر مجھے اذیت پہنچائیں اور بغاوت کے کسی قانون کی آڑ لیکر مجھےآئندہ دس برس کیلئےقیدکر دیں۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ اس کے بعد تحریک انصاف کی بچی کھُچی قیادت اور کارکنان کو بھی پوری طرح جکڑ لیں گے۔ اور آخر میں پاکستان کی سب سے بڑی اور وفاقی جماعت پر پابندی لگا دیں گے۔(جیسے انہوں نے مشرقی پاکستان میں عوامی لیگ پر لگائی)-

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ یقینی بنانے کیلئے کہ عوام کی جانب سے کوئی ردّعمل نہ آئے، انہوں نے دو کام کئے ہیں؛ سب سے پہلے محض تحریک انصاف کے کارکنان ہی کو خوفزدہ نہیں کیا جارہا بلکہ عام شہریوں کے دلوں میں بھی خوف بٹھایا جارہا ہے۔ دوسرے نمبر پرمیڈیا کو پوری طرح قابو پایا جا چکا ہے اور آواز دبائی جاچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کل پھر یہ انٹرنیٹ سروسز معطل کردیں گے اور سوشل میڈیا، جو پہلے ہی جزوی طور پر چل رہا ہے, کو پوری طرح بند کردیں گے۔ اس دوران، جبکہ میں آپ سے مخاطب ہوں، گھروں کی حرمت پامال کی جارہی ہے اور پولیس نہایت بے شرمی سے گھر کی چار دیواری میں موجود خواتین سے بدتمیزی وبدسلوکی میں مصروف ہے۔

یہ بھی پڑھیں، جسٹس قاضی فائز کیخلاف ریفرنس فیض حمید سے اوپر سے آیا تھا، عمران کا دعویٰ

عمران خان کا کہنا تھا کہ آج سے پہلے اس ملک میں چادر و چاردیواری کا تقدس کبھی یوں پامال نہ ہوئی جیسا کہ یہ مجرم کر رہے ہیں۔ یہ لوگوں کے دلوں میں اتنا خوف بٹھانا چاہتے ہیں کہ جب یہ مجھے گرفتار کرنے آئیں تو لوگ باہر نہ نکلیں۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے باہر فضل الرحمٰن والے تماشے کا واحد مقصد بھی چیف جسٹس کو مرعوب کرنا ہے تاکہ وہ آئینِ پاکستان کےمطابق کوئی فیصلہ صادر کرنے سے باز رہیں۔ پاکستان پہلے ہی 1997 میں نون لیگی غنڈوں کو نہایت ڈھٹائی سے سپریم کورٹ پر عملاً حملہ آور ہوتے دیکھ چکا ہے جس کے نتیجے میں ایک نہایت محترم چیف جسٹس سجاد علی شاہ کو ہٹایا گیا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ عوامِ پاکستان کو میرا پیغام ہے کہ میں اپنے خون کے آخری قطرے تک حقیقی آزادی کیلئے لڑوں گا کیونکہ مجرموں کے اس گروہ کی غلامی سے موت میرے لئے مقدّم ہے۔ میں اپنے لوگوں کو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ ہم نے کلمہ لَاِ اِلٰہَ اِلَّا اللہُ کی صورت میں یہ عہد باندھ رکھا ہے کہ ہم ربّ ذوالجلال کے علاوہ ہرگز کسی کے سامنے نہیں جھکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں، 90 روز میں الیکشن نہ ہوئے تو ملک میں آئین نام کی کوئی چیز باقی نہیں رہے گی،عمران خان

انہوں نے کہا کہ اگر آج ہم خوف کے بت کے آگے سجدہ ریز ہوگئے تو ذلت اور شکست و ریخت ہماری آئندہ نسلوں کا مقدّر ٹھہرے گی۔ وہ ملک جہاں ناانصافی اور جنگل کے قانون کا دَور دَورہ ہو وہ زیادہ دیر تک صفحۂ ہستی پر اپنا وجود برقرار نہیں رکھ پاتے!

PTI

IMRAN KHAN

IMRAN KHAN ARRESTED

Tabool ads will show in this div