عدلیہ میں ایک گروہ نے سیاست کرنے کا بیڑا اٹھالیا ہے،خواجہ آصف
وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ عدلیہ میں ایک گروہ نے سیاست کرنے کا بیڑا اٹھالیا ہے، فیصلوں کی بنیاد سیاسی حمایت رکھی گئی ہے۔ فیصلے سیاسی بنیادوں پرنہیں،عدل وانصاف پر ہونے چاہئیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیرصدارت قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ایک شخص کوریلیف دیاجارہاہے اور فتنے کو ہوادی جارہی ہے۔ وقت آگیا اپنے آئینی اور پارلیمانی اختیارات استمعال کیے جائیں۔ آئین کے مطابق جو کارروائی درج ہے اس پرعمل ہوناچاہیے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ کورکمانڈرہاؤس پرحملہ کرنےوالوں کی پشت پناہی کی جارہی ہے، فوج آئین اورقانون کےمطابق اپنا کردار ادا کررہی ہے، جناح ہاؤس قائداعظم اور فوجی کمانڈر کا گھرتھا۔ جی ایچ کیو پر اس سے قبل طالبان نے حملہ کیا تھا، کیایہ چیزیں عدلیہ کو نظرنہیں آرہیں۔
انہوں نے کہا کہ عدلیہ کا ایک طبقہ چیزوں کو بلڈوزکر رہا ہے، ایک شخص کو نوازا جارہا ہے، ہمارے ادارے کی آئینی طاقت کوچیلنج کیا جا رہا ہے۔ پارلیمنٹ کی آئینی طاقت کوچیلنج کیا جا رہا ہے۔
وزیردفاع کا کہنا تھا کہ عدلیہ نےآئین کی ہیت بدل دی، پنجاب میں حکومت کو اسی بینچ میں گھربھیج دیاتھا، عدلیہ کے ججز کانام لینا معیوب سمجھتاہوں مگران لوگوں نے مجبورکردیاہے۔ 4 لاکھ مقدمےپینڈنگ ہیں اور یہ فرمائشی پروگرام شروع کردیتے ہیں، عدلیہ اپنے اختیارات سے تجاوز کررہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تنابڑا فراڈ ہوگیا چیف جسٹس کہہ رہے ہیں دیکھ کرخوشی ہوئی، پارلیمںت چیف جسٹس کےمس کنڈکٹ کاجائزہ لے۔ قانون کےمطابق جو کارروائی بنتی ہےکی جائے، ججز کےخلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کیاجائے۔