کوئٹہ، معمولی بات پر جھگڑا، چار بھائیوں سمیت 5 افراد قتل
کوئٹہ میں معمولی بات پر ہونے والے جھگڑے میں چار بھائیوں سمیت پانچ افراد قتل اور چودہ زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر گاہی خان چوک پر لہڑی قبیلے کے دو گروہوں میں تصادم ہوا۔
ایس ایچ او کیچی بیگ قادر قمبرانی نے بتایا کہ جھگڑا دو ہمسائیوں کے درمیان گھر کے سامنے تھڑا بنانے پر شروع ہوا ۔ پہلے لاٹھیاں برسیں اور اس کے بعد گولیاں چل گئیں۔
پولیس کے مطابق دونوں جانب سے فائرنگ ہوئیں جس کے نتیجے میں چار بھائی مارے گئے جبکہ ان کی والدہ، والد اور دادا سمیت آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔ دوسرے گروہ کا بھی ایک نوجوان قتل ہوا جبکہ چھ زخمی ہوگئے۔
ایس ایچ او کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال اور بولان میڈیکل ہسپتال پہنچایا گیا۔
پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ فیض کے مطابق مرنے والوں کو جسم کے اوپری حصوں میں گولیاں لگیں جس کی وجہ سے ان کی موقع پر ہی موت ہوگئی تھی۔ زخمیوں کو ہسپتال کے ٹراما سینٹر میں داخل کردیا گیاہے۔