رجسٹرار سپریم کورٹ نے دھرنے کے پیش نظر سیکیورٹی سے متعلق اجلاس طلب کرلیا
رجسٹرار سپریم کورٹ نے پاکستان ڈیموکریٹک موؤمنٹ (پی ڈی ایم) کے اسلام آباد میں مجوزہ دھرنے کے پیش نٖظر سیکیورٹی سے متعلق اہم اجلاس طلب کرلیا۔
اجلاس میں آئی جی اسلام آباداکبرناصرخان اور چیف کمشنرکوطلب کرلیاگیا، ڈی آئی جی سیکیورٹی اورایس ایس پی آپریشنزبھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ ایس پی سپریم کورٹ کوبھی اجلاس میں شرکت یقینی بنانےکی ہدایت کی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں دھرنے کے پیش نظر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ ریڈزون میں احتجاج اورر دھرنوں کی اجازت کامعاملہ بھی زیرغورآئے گا۔
خیال رہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے سابق وزیراعظم عمران خان کی سپریم کورٹ سے رہائی کے فیصلے کے بعد احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی عدالت سے رہائی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے متعلق پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہ اور امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں اجلاس ہوا۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف نے پیر کو سپریم کورٹ کے باہر عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ عدالت عظمیٰ کے باہر بڑا احتجاجی مظاہرہ کرنا چاہیے۔