جناح ہاؤس حملہ: بیشتر شرپسندوں کی شناخت کرلی گئی
قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے لاہور کے جناح ہاؤس اور دیگر فوجی تنصیبات پر حملہ کرنیوالے بیشتر شرپسندوں کی شناخت کرلی ہے، ملزمان کیخلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلئے گئے۔
سماء ٹی وی کے مطابق لاہور کے جناح ہاؤس (کور کمانڈر ہاؤس) اور دیگر عسکری تنصیبات پر حملوں اور توڑ پھوڑ میں ملوث بیشتر افراد کی قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے شناخت کرلی ہے۔
مشتعل افراد نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد جناح ہاؤس کو جلانے، توڑ پھوڑ کرنے اور قیمتی اشیاء و دستاویزات چوری کرنے کی پُرتشدد کارروائیوں میں حصہ لیا تھا۔
مزید جانیے : عسکری و سول تنصیبات پر حملوں کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ
رپورٹ کے مطابق پُرتشدد کارکنان مسلح آتشیں اسلحہ، ڈنڈے، پتھر و پیٹرول بم سے لیس تھے، ان شرپسندوں میں لاہور کے رہائشی دانش منیر، سعود، عدنان اشرف، علی حسن عباس، چوہدری مسعود معراج، علی افتخار، وقاص پرویز، یوسف گلزار اور محمد ارسلان شامل ہیں۔
جن شرپسندوں کی شناخت کی گئی ہے ان میں لودھراں کے محمد تیمور جعفر، پاک پتن کے عامر حمزہ، ملتان کے سجاد سعید اور اوکاڑہ کے علی رضا بھی شامل ہیں۔
قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے تمام ملزمان کیخلاف انسداد دہشت گردی کے تحت مقدمات درج کرائے ہیں۔