’قوم اسلام آباد پہنچے‘،عدالتی فیصلے پر پی ڈی ایم کا احتجاج ، دھرنے کا اعلان

مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں پی ڈی ایم کا اجلاس، عدالتی فیصلہ پر تبادلہ خیال
<p>File photo</p>

File photo

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے سابق وزیراعظم عمران خان کی سپریم کورٹ سے رہائی کے فیصلے کے بعد احتجاج کرنے کا اعلان کر دیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی عدالت سے رہائی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے متعلق پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ اور امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں اجلاس ہوا۔

اجلاس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزیر احسن اقبال، پیپلز پارٹی شیر پاؤ کے سربراہ آفتاب شیرپاؤ اور بی این پی مینگل کے سربراہ اختر مینگل، جے یو آئی ف کے مولانا عبد الغفورحیدری، اکرم درانی شریک ہوئے جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں، لیگی قیادت کو احتجاجی جلسوں کی کال دینے کی ہدایت

اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف احتجاج کی عملی عملی پر غور کیا گیا جبکہ مولانا نے اپنی پارٹی کے فیصلوں اور سفارشات سے آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف نے پیر کو سپریم کورٹ کے باہر عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ عدالت عظمیٰ کے باہر بڑا احتجاجی مظاہرہ کرنا چاہیے۔

مکے سے بات کرو گے تو مکے سے جواب دیں گے، مولانا فضل الرحمان

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عدالت جرم کو تحفظ دے رہی ہے، عمران خان کو غبن کے کیس میں گرفتارکیاگیا، عدالت نے غبن کو بھی تحفظ دیا، عدالت نے کہا عمران کو کسی مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اندازہ لگایا جائے کہ عدلیہ کہاں کھڑی ہے، کیایہ رعایت 3 بار وزیراعظم رہنے والے نواز شریف کو ملی؟ اندازہ لگایا جائے کہ عدلیہ کہاں کھڑی ہے، عدالت کے رویے کیخلاف احتجاج کیاجائے گا۔

پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کر لیا کہ اب عدالتی رویے کیخلاف احتجاج ہو گا، اپیل کرتا ہوں پوری قوم اسلام آباد کی طرف روانہ ہوجائے، سپریم کورٹ کے باہر دھرنا دیا جائے گا، زبردست احتجاج کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پیرکو عوام سپریم کورٹ کے سامنے جمع ہوں گے، ملک میں غنڈہ گردی ہو رہی ہے، عدالت اس کو تحفظ دے رہی ہے، چیف جسٹس سن لیں! ہم تین دو کا فیصلہ ماننے کو تیار نہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پیر کو عوام سپریم کورٹ کے سامنے جمع ہوں گے، عمران خان کے لیے سب کچھ داؤ پر لگا دیا گیا ہے، گھی آرام سے ڈبے سے نہیں نکلے گا تو انگلی ٹیڑھی کرنا پڑے گی، ڈنڈے سے بات کرو گے تو ڈنڈے سے جواب دیں گے، مکے سے بات کرو گے تو مکے سے جواب دیں گے۔ پتھر سے بات کرو گے تو پتھر سے جواب دیں گے، سپریم کورٹ ”مدر آف لاء“ ہے “مدر اِن لاء نہیں۔

IMRAN KHAN

PDM

MOLANA FAZALUR REHMAN

IMRAN KHAN ARRESTED

SUPREME COURT OF PAKISTAN (SCP)

Tabool ads will show in this div