جی ایچ کیو حملے کا مقدمہ راجہ بشارت سمیت 15 پی ٹی آئی کارکنوں کیخلاف درج
راولپنڈی پولیس نے گزشتہ روز جی ایچ کیو پر ہونے والے حملے کا مقدمہ سابق وزیرقانون پنجاب راجہ بشارت سمیت تحریک انصاف کے 15 کارکنوں کیخلاف درج کرلیا۔
پولیس مدعیت میں درج ایف آئی آر کے متن کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد تحریک انصاف کے کارکنوں نے تھانہ آر اے بازار میں جی ایچ کیو پر حملہ کیا۔ نامزد ملزمان نے گزشتہ روز جی ایچ کیو گیٹ نمبر ایک پر حملہ کیا توڑ پھوڑ کی۔
متن کے مطابق نامزد ملزمان پیٹرول بموں سے لیس تھے اور افواج پاکستان کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے، ملزمان نے سابق صوبائی وزیر راجہ بشارت کی قیادت میں جی ایچ کیو بلڈنگ کے شیشے توڑے۔ مقدمے میں انسداد دہشت گردی سمیت 9 دفعات لگائی گئی ہیں۔
دوسری جانب تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کےچیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سےگرفتار کیے جانے کےبعد پی ٹی آئی کارکنوں کے پرتشدد مظاہروں کے جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہوگئی جبکہ درجنوں افراد زخمی ہیں۔ ملک کے بڑے شہروں میں دفعہ 144 نافذ ہیں۔