پاکستان نے ایشیاء کپ دوسرے وینیو پر کھیلنے سے صاف انکار کردیا
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ کیلئے اے سی سی کو ایک بار پھر ہائبرڈ ماڈل کی تجویز دے دی، بنگلہ دیش اور سری لنکا نے پاکستانی تجویز مسترد کردی۔ سری لنکن بورڈ کا کہنا ہے کہ اپنے ہاں ایونٹ کرانے کو تیار ہیں، آفیشل میزبان پاکستان ہی رہے۔ پی سی بی نے کسی دوسرے وینیو پر ایشیا کپ کھیلنے سے صاف انکار کردیا۔
ذرائع کے مطابق ایشیا کپ کی میزبانی سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ نے اے سی سی کو ایک بار پھر ہائبرڈ ماڈل کی تجویز دے دی، نئی تجویز میں اے سی سی کے لاجسٹک اور ٹیکنیکل مسائل کا حل پیش کیا گیا ہے، ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت کے میچز نیوٹرل وینیو جبکہ باقی ملکوں کے میچز پاکستان میں ہوں گے۔
ایشیا کپ پر بنگلہ دیش اور سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کے ہائبرڈ ماڈل کی مخالفت کردی، بنگلہ دیش اور سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ہائبرڈ ماڈل پر اعتراض اٹھا دیا، دونوں بورڈز کو یو اے ای میں میچز پر اعتراضات ہیں۔
مزید جانیے : ایشیا کپ پاکستان میں ہوگا یا نہیں، 48 گھنٹے اہم قرار
سری لنکا اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈز کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں ستمبر میں شدید گرمی ہوتی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ آفیشل کا کہنا ہے کہ سری لنکا اور بنگلہ دیش کو پاکستان میں کھیلنے میں کوئی ایشو نہیں، بورڈ کے پاس سری لنکا کرکٹ اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی ای میلز موجود ہیں، بنگلہ دیش اور سری لنکن بورڈ نے ہمیں ہائبرڈ ماڈل پر آمادگی ظاہر کی تھی۔
پی سی بی حکام کے مطابق ای میل میں دونوں بورڈز نے کہا تھا کہ انہیں پاکستان میں کھیلنے پر اعتراض نہیں، پہلے بھی ایشیا کپ اگست اور ستمبر میں یو اے ای میں کھیلا جاچکا ہے۔
دوسری جانب سری لنکن کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری موہن ڈی سلوا کا کہنا ہے کہ اے سی سی کو لکھ چکے ہیں کہ ہم ہائبرڈ ماڈل کے خلاف ہیں، ہائبرڈ ماڈل پر ابھی تک کوئی فائنل فیصلہ نہیں ہوا، پی سی بی کیلئے تجویز ہے کہ وہ سری لنکن کرکٹ بورڈ کی طرح ایشیا کپ دوسرے وینیو پر کرائے۔
انہوں نے کہا کہ اگر سری لنکا کو ایشیا کپ کروانے کی آفر دی جاتی ہے تو ہم قبول کریں گے، ایونٹ سری لنکا میں کروانے کیلئے تیار ہیں، آفیشل میزبان پاکستان ہی رہے۔
پی سی بی نے سری لنکا کی تجویز پر ایشا کپ دوسرے وینیو پر کرانے سے انکار کردیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگر ایشیا کپ پاکستان کے علاوہ دوسرے وینیو پر کرایا جاتا ہے تو ہم نہیں کھیلیں گے۔