لندن میں نواز شریف کی رہائشگاہ کے قریب احتجاج پر پابندی
لندن میں نواز شریف کی رہائش گاہ ایون فیلڈ اور نواحی شاہراہوں پر احتجاج پر پابندی عائد کردی گئی۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کیخلاف لندن میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی رہائش گاہ ایونٹ فیلڈ کے باہر پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا تھا۔
لندن پولیس نے ایون فیلڈ اور نواحی شاہراہوں پر احتجاج کرنے پر دو روز کیلئے پابندی عائد کردی۔
لندن پولیس کا کہنا ہے کہ احتجاج پر پابندی ڈسپرسل آرڈر کے تحت لگائی گئی ہے، پابندی کا اطلاق جمعرات کی شب 11 بجے تک ہوگا۔
نمائندہ سماء کے مطابق گزشتہ روز ایون فیلڈ کے باہر احتجاج کے سبب پڑوسیوں کا جینا دوبھر ہوگیا تھا، ایون فیلڈ کے باہر امن و امان قائم رکھنے کیلئے صبح ہی سے پولیس کی بھاری نفری موجود ہے۔
میٹروپولیٹن پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایون فیلڈ کے باہر احتجاج کرنے والوں کو گرفتار کیا جائے گا۔ پولیس نے 9 مئی کو احتجاج کرنے والوں کی ویڈیوز بھی منگوا لی ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ میٹروپولیٹن پولیس ایکٹ 35 کے تحت ایون فیلڈ ہاؤس کے باہر مظاہرین کو منتشر کرنے کا حکم دیتی ہے۔