عمران خان کو پاک فوج کا سخت پیغام، پی ٹی آئی کا رد عمل آ گیا
سابق وزیراعظم عمران خان کے سینئر فوجی افسر پر الزامات لگانے کے بعد ترجمان پاک فوج کے سخت پیغام پر پی ٹی آئی کا بھی رد عمل سامنے آ گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنما فواد چودھری نے لکھا کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے حیران کن پریس ریلیز جاری کی ہے، اگر عمران خان سمجھتے ہیں ان پر قاتلانہ حملہ میں کوئی افسر ملوث ہیں تو آزادانہ اور شفاف تحقیقات کے ذریعے ان کو مطمئن کیا جانا چاہئے کہ ایسا نہیں ہے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ لیکن الزام کی تحقیقات سے انکار اور ایسی پریس ریلیز سے آپ بتا رہے ہیں کہ پاکستان میں آپ قانون سے بالاتر ہیں ایسے رویے قوموں کیلئے تباہ کن ہیں۔
اسد عمر
دوسری طرف پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اسد عمر نے بھی کہا کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے مکمل اتفاق کرتا ہوں الزامات کے حل کے لیے قانونی راستہ اختیار کیا جائے۔
انہوں نے لکھا کہ عمران خان نے ایف آئی آر درج کرکے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی کوشش کی ہے۔ اس قانونی راستے کی حمایت کرنے والا ادارہ ایک بہت مثبت قدم ہوگا۔