امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ملاقات کیلئے بہن کو ویزہ مل گیا
امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے متعلق اہم پیشرفت ہوئی ہے، عافیہ سے ملنے کیلئے ان کی بہن فوزیہ صدیقی کو امریکی ویزہ مل گیا۔
تفصیلات کےمطابق برسوں سے امریکی جیل میں قید عافیہ صدیقی بالاخر کسی اپنے سے مل سکیں گی،ان کی بہن فوزیہ صدیقی کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں قانونی جدوجہد رنگ لے آئی ہے، اور اب تقریباً20سال بعد فوزیہ صدیقی کی اپنی بہن ڈاکٹر عافیہ سے ملاقات ہوگی، اورامریکی جیل میں انتیس سےاکتیس مئی کے دوران ان کی ملاقات بھی طے پا گئی ہے۔
ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ بیٹی کی راہ تکتے تکتے انتقال کرگئیں
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کیس کی سماعت کی۔دوران سماعت امریکا سے آئے وکیل کلائیو سمتھ نے عافیہ صدیقی سے متعلق کانفیڈینشل رپورٹ پیش کی۔
وکیل درخواست گزار کی استدعا پرعدالت نے وزارت خارجہ کو عافیہ صدیقی کے نفسیاتی چیک اپ کے لیے ڈاکٹر کی فراہمی میں مدد کی ہدایت کی۔ فوزیہ صدیقی کے وکیل کا کہنا تھا کہ عافیہ پر جو ذہنی و جسمانی تشدد ہوا وہ عدالت کو نہیں بتایا گیا۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دگل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ فوزیہ صدیقی کیلئے 5 سال کے ویزے اور جیل میں ملاقات کا انتظام ہوگیا۔ فوزیہ صدیقی اپنے امریکی وکیل کلائیو سمتھ کے ہمراہ عافیہ کے ساتھ انتیس سے اکتیس مئی کے درمیان مل سکیں گی۔
دفترخارجہ ڈاکٹرفوزیہ کی عافیہ صدیقی سےملاقات کیلئے سہولت فراہم کرے،ہائیکورٹ
جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کی عدالت نے متعلقہ دستاویزات اور معلومات وکیل سے شیئر کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ یہ دستاویز کانفیڈینشل ہی رکھی جائیگی،اور صرف دفتر خارجہ سے شیئر کی جائے۔
عدالت نے کیس کی مزیدسماعت 30 جون تک ملتوی کردی ۔
وکیل عمران شفیق کا کہناتھا کہ اگرامریکہ میں کوئی بھی جیوری ہوتی اوراگر اس ٹارچر کی داستان ریکارڈ پرآ جاتی اوراس کا ایویڈنس اگر ریکارڈ پرآ جاتا توعافیہ صدیقی کو سزا نہیں ہوسکتی تھی ۔
فوزیہ صدیقی نے کہا کہ اس 20 سال کی طویل جدوجہد میں اب کچھ روشنی کی کرن نظر آئی ہے، اس میں ہماری گورنمنٹ رکاوٹ نہیں ڈالے گی تو چند مہینوں کی بات ہے عافیہ ہمارے درمیان ہوگی۔