فرح گوگی کی گرفتاری کیلئے انٹرپول کو تحریری درخواست ارسال
وفاقی تحقیقاتی ادارے( ایف آئی اے ) نے تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرحت شہزادی عرف فرح گوگی کی گرفتاری اورریڈ وارنٹ کے لیے انٹرپول سے تحریری درخواست ارسال کردی۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی دوست فرح گوگی کیخلاف منی لانڈرنگ اور سیاسی اثرورسوخ پر تعیناتیاں کروا کے اربوں روپے کی کرپشن کے کیس میں گرفتاری اور ریڈ وارنٹ کے لیے انٹرپول کو تحریری درخواست ارسال کردی۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق فرحت شہزادی عرف فرح گوگی کو عدالت پہلے ہی منی لانڈرنگ کے مقدمہ میں اشتہاری قرار دے چکی ہے ، فرح گوگی بیرون ملک فرار ہیں ،جن کے خلاف منی لانڈرنگ کے ناقابل تردید ثبوت حاصل کیے جاچکے ہیں ۔
ایف آئی اے کی جانب سےفرح گوگی کو گرفتار کرکے وطن واپس لانے کے لیے انٹرپول کو تحریری درخواست کردی گئی ہے ۔ انٹرپول سے فرح گوگی کے خلاف ریڈ وارنٹ جاری ہونے کے بعد گرفتاری عمل میں لائی جائے گی ۔