ضمانتیں منظور لیکن علی امین گنڈا پور کو رہائی کیوں نہیں مل رہی؟

سکھر جیل کو ریلیز آرڈر موصول ہوگئے، تصدیق کا عمل جاری ہے، سپرنٹنڈنٹ
May 04, 2023

علی امین گنڈا پور کی مشکلات ختم نہ ہوئیں، ضمانتوں کے باوجود سینٹرل جیل سکھر سے رہائی عمل میں نہ آسکی۔ جیل سپرنٹنڈنٹ کا کہنا ہے کہ ریلیز آرڈر تصدیق کیلئے متعلقہ عدالت کو بھیج دیئے، ویریفکیشن کے بعد رہا کردینگے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء علی امین گنڈا پور کی سینٹرل جنرل سکھر سے رہائی کے معاملے پر ففتھ ایڈیشنل سیشن جج سکھر کی عدالت میں توہین عدالت کی دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جیل سپرنٹنڈنٹ شہاب الدین صدیقی عدالت میں پیش ہوئے۔

علی امین کے وکیل نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ریلیز آرڈر موصول ہونے کے باوجود علی امین گنڈاپور کو جیل سے رہا نہیں کیا جارہا، عدالتی احکامات کے باوجود علی امین کو جیل میں رکھنا توہین عدالت ہے۔

جیل سپرنٹنڈنٹ نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ رات لاہور اور اسلام آباد کے کیسز میں علی امین کی رہائی کے آرڈر موصول ہوئے، رولز کے تحت متعلقہ عدالت سے ریلیز آرڈر کی ویریفکیشن کروائی جاتی ہے، ریلیز آرڈر تصدیق کیلئے بھیج دیئے، واپس موصول ہوتے ہی علی امین گنڈاپور کو سینٹرل جیل سے رہا کردیا جائے گا۔

عدالت نے حکم دیا کہ تصدیق کا عمل آج ہی عدالتی ٹائم کے دوران مکمل کیا جائے۔ جس پر جیل سپرنٹنڈنٹ کا کہنا تھا کہ متعلقہ عدالت پر منحصر ہے کہ وہ کتنے وقت میں تصدیق کا عمل مکمل کرتی ہے، جیسے ہی تصدیق کا عمل مکمل ہوگا علی امین گنڈا پور کو رہا کردیا جائے گا۔

ali amin gandapur

PAKISTAN TEHRIK-E-INSAAF (PTI)

CENTRAL JAIL SUKKUR

Tabool ads will show in this div