عمران خان کی 9 مقدمات میں ضمانت میں مشروط توسیع

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کل تک پیش ہونے کی مہلت دیدی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 9 مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانت میں کل (جمعرات) تک توسیع کردی۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے کہ سابق وزیراعظم کل تک پیش ہوجاتے ہیں تو ٹھیک، ورنہ ضمانت منسوخ ہوجائے گی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کی 9 کیسز میں عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے پی ٹی آئی چیئرمین کو مزید 3، 4 دن مہلت دینے کی استدعا کی اور کہا عمران خان کی طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی گئی ہے۔

عدالت نے ریمارکس دئیے کہ یہ رپورٹ نجی اسپتال کی ہے، آپ سرکاری اسپتال سے میڈیکل کیوں نہیں کراتے۔ وکیل نے جواب دیا کہ میرا مؤکل شروع دن سے شوکت خانم اسپتال سے علاج کرا رہا ہے، ہم سرکاری اسپتال سے علاج کرانے کیلئے تیار ہیں۔

عمران خان کے وکیل نے کہا کیا پاکستان کی تاریخ میں کسی بندے کیخلاف تین مہینے میں 140 مقدمات بنائے گئے ہیں؟، اس لحاظ سے حالات غیر معمولی ہیں۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے ہم آپ کو میرٹ پر نہیں سنیں گے، ہم نے جو آرڈر دیا تھا اس میں لکھا تھا کہ عدم پیشی پر عبوری ضمانت منسوخ ہو جائے گی، یہ نہیں لکھا تھا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر سوچیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اگر کل تک آجاتے ہیں تو ٹھیک ورنہ ضمانت منسوخ ہوجائے گی۔

IMRAN KHAN

Islamabad High Court (IHC)

Tabool ads will show in this div