آئی پی ایل میں جھگڑا، ویرات کوہلی اور گوتم گمبھیر پر بھاری جرمانے
انڈین پریمیئر لیگ کے میچ میں قواعد کی خلاف ورزی پر بھارت کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی اور گوتم گمبھیر پر میچ فیس کا 100 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا جبکہ نوین الحق بھی ویرات کوہلی سے تلخ کلامی پر 50 فیصد میچ فیس سے محروم ہوگئے۔
آئی پی ایل کے میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور نے پہلے کھیلتے ہوئے 9 وکٹوں پر 126 رنز بنائے، جواب میں لکھنؤ سپر جائنٹس کی ٹیم 108 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
آئی پی ایل میں پیر کو لکھنؤ سپر جائنٹس اور رائل چیلنجرز بنگلور کی ٹیموں کے میچ میں لکھنو سپر جائنٹس کے بیٹر نوین الحق اور رائل چیلنجرز بنگلور کے ویرات کوہلی کے درمیان لفظی جنگ شروع ہوئی تاہم امپائر اور ساتھی کھلاڑیوں نے بیچ بچاؤ کرادیا۔
تاہم معاملہ یہیں ختم نہیں ہوا بلکہ رائل چیلنجرز بنگلور کی فتح کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے آپس میں ہاتھ ملانے کے دوران نوین الحق اور ویرات کوہلی کے درمیان تلخ کلامی کا پھر آغاز ہوگیا۔
بات اتنی بڑھی کہ نوین الحق کے بعد لکھنؤ سپر جائنٹس کے مینٹور اور سابق بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر بھی ویرات کوہلی سے الجھ پڑے۔
میچ ختم ہونے کے بعد لکھنؤ سپر جائنٹس کے بیٹر کائل میئرز ویرات کوہلی سے گفتگو کررہے تھے کہ گوتم گمبھیر نے کائل کو اچانک انہیں پیچھے کھینچا اور کوہلی سے بات کرنے سے روک دیا۔ آئی پی ایل انتظامیہ نے ویرات کوہلی اور گوتم گمبھیر پر لیول 2 کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 100 فیصد جرمانہ عائد کردیا جبکہ نوین الحق بھی لیول ون کی خلاف ورزی پر اپنی میچ فیس کی 50 فیصد رقم سے محروم ہوگئے۔
یہ پہلی بار نہیں کہ گوتم گمبھیر اور ویرات کوہلی کسی معاملے پر الجھے ہوں اس سے قبل بھی دونوں کے درمیان کئی بار میدان میں تلخ کلامی ہوچکی ہے۔