حکومت نے عوام کو ریکارڈ مہنگائی کے نیچے کچل دیا، عمران خان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام اور خصوصاً تنخواہ دار طبقے کو ریکارڈ مہنگائی کے نیچے کچل دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں سابق وزیراعظم نے لکھا کہ گزشتہ سال جب میری حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد دائر کی گئی تو ملک میں افراط زر 12.6% پر تھی۔ بلومبرگ کے مطابق آج پاکستان میں افراط زر نے سری لنکا کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ اس امپورٹڈ حکومت نے عوام اور خصوصاً تنخواہ دار طبقے کو ہماری تاریخ میں ریکارڈ مہنگائی کے نیچے کچل دیا ہے۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ حکومت میں تبدیلی لانے کا بہانہ مہنگائی کو کنٹرول کرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ مہنگائی تو کنٹرول نہ کر سکے لیکن انہوں نے اپنی منی لانڈرنگ اور بدعنوانی کے لیے این آر اوز حاصل کیے ہیں جبکہ معیشت کو تباہ کر کے اور آئین اور تمام قوانین کی خلاف ورزی کی ہے تاکہ آج پاکستان میں جنگل کا قانون نافذ ہو۔