نوجوانوں کو ملک کیخلاف کرنے کی فارن فنڈڈ مہم چلائی جارہی ہے، مریم نواز

خواتین کی سیاسی عمل میں شمولیت سے استحصال کا خاتمہ ہوگا، اجلاس سے خطاب

پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو پاکستان کے خلاف کرنے کی فارن فنڈڈ مہم چلائی جارہی ہے، خواتین کی سیاسی عمل میں شمولیت سے استحصال کا خاتمہ ہوگا۔

مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں پنجاب بھر میں یوتھ اور خواتین ونگز کی جاری مہم کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں کیوآر کوڈ کے ذریعے نوجوانوں اور خواتین کی پارٹی میں شمولیت کے عمل کی پیش رفت پر غور ہوا۔

اس موقع پر مریم نواز نے پنجاب میں نوجوانوں اور خواتین کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا اور رجسٹریشن میں بھرپور شرکت پر خواتین، نوجوانوں کا شکریہ ادا کیا۔

ن لیگ کی سینئر نائب صدر نے کہا کہ نوجوان اور خواتین معاشرے میں سب سے زیادہ آبادی رکھنے والے طبقات ہیں، نوجوان اور خواتین کی سیاسی عمل میں شمولیت بڑی تبدیلی لاسکتی ہے۔ نوجوان اور خواتین آبادی کو اپنے بہتر مستقبل کے لئے درست سیاسی فیصلے کرنے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو فیصلہ سازی میں شامل کرنے کا مقصد اُن کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے، نوجوانوں کو پاکستان سے مایوس کرنے کی منظم سازش ناکام بنائیں گے، نوجوان مستقبل کی قیادت ہیں، انہیں قوم کا معمار، بااختیار بنائیں گے، نوجوانوں کو پاکستان کے خلاف کرنے کی فارن فنڈڈ مہم چلائی جارہی ہے، خواتین کی سیاسی عمل میں شمولیت سے استحصال کا خاتمہ ہو گا۔

مریم نواز شریف نے تمام یوتھ کوآرڈینیٹرز کی کارکردگی اور جذبے کو سراہا اور عاشق حسین، اور حنابٹ کی کارکردگی کی تعریف کی۔

Tabool ads will show in this div