پاکستان شاہینز دورہ زمبابوے میں چیلنج کے لیے تیار

گرین شرٹس کویکوی سپورٹس کلب میں شروع ہونیوالے چار روزہ میچ میں زمبابوے اے سے مقابلہ کرے گی
<p>File photo</p>

File photo

عمران بٹ کی قیادت میں پاکستان شاہینز کی نظریں دورہ زمبابوے میں فاتحانہ آغاز پر ہوں گی۔

پاکستان شاہینز کل سے کویکوی سپورٹس کلب میں شروع ہونے والے چار روزہ میچ میں زمبابوے اے سے مقابلہ کرے گی۔ پہلے چار روزہ میچ کے بعد ایک اور چار روزہ اور چھ 50 اوورز کے میچز ہوں گے جو ہرارے اور موتارے میں 10 سے 27 مئی تک کھیلے جائیں گے۔

پاکستان شاہینز 30 اپریل کو ہرارے پہنچی۔ کراچی کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں 11 روزہ کیمپ اور پھر لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں دو روزہ اضافی کیمپ کے بعد کویکوی اسپورٹس کلب میں ایک روزہ تربیتی سیشن میں حصہ لیا ۔

سکواڈ میں 16 کھلاڑی اور چار ریزرو کھلاڑی شامل ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹر اور کپتان عمران بٹ کے علاوہ چھ کھلاڑی پہلے ہی بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ ان میں حسین طلعت (1 ون ڈے، 18 ٹی ٹوئنٹی)، کامران غلام (1 ون ڈے)، میر حمزہ (3 ٹیسٹ)، محمد علی (2 ٹیسٹ)، شاہنواز داہانی (2 ون ڈے، 11 ٹی ٹوئنٹی) اور صائم ایوب (8 ٹی 20) شامل ہیں۔

پاکستان شاہینز کی آخری دو طرفہ سیریز اکتوبر/نومبر 2021 میں سری لنکا کے خلاف تھی۔ وہ سیریز دو چار روزہ اور تین 50 اوورز کے میچوں پر مشتمل تھی جس میں شاہینز نے بارش سے متاثرہ تین میچوں کی سیریز 1-0 سے جیتی اور دو چار روزہ میچز ڈرا ہوئے۔

پالے کیلے میں پہلے چار روزہ میچ میں، کامران غلام اور عمیر بن یوسف جو زمبابوے میں سیریز کا حصہ ہیں، نے سری لنکا اے کے خلاف نصف سنچریاں اسکور کیں۔

عمران بٹ نے کہا کہ ہماری تیاریاں اچھی جا رہی ہیں، ہم یہاں کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے پر کام کر رہے ہیں۔ کھلاڑی اپنی بہترین کرکٹ کھیلنے اور اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ زمبابوے اے کے خلاف سیریز ہمارے لیے ایک موقع ہے کہ ہم اپنی صلاحیتوں کو جانچیں۔ ہم اس تجربے سے سیکھنے اور ایک ٹیم کے طور پر بہتری لانے کے لیے کوشاں ہیں۔

Tabool ads will show in this div