رقم میں بٹوارے کا تنازع، لاہورمیں ڈاکو نے ڈاکو کو مار کر خودکشی کر لی

مختلف علاقوں میں فائرنگ کے دو واقعات، دو نوجوان گولیاں لگنے سے مارے گئے۔

پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں ڈاکو نے فائرنگ کر کے اپنے ہی دوست کو موت کے گھاٹ اُتار دیا۔

ہفتے کی رات لاہور کے دو مختلف علاقوں میں فائرنگ کے مختلف واقعات پیش آئے، دو نوجوان گولیاں لگنے سے مارے گئے۔

فائرنگ کا پہلا واقعہ تھانہ نشتر کالونی پولیس سٹیشن کی حدود میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے 20 سالہ نوجوان کو قتل کرنے کے بعد فرار ہو گئے۔

ایدھی حکام کے مطابق نشتر کالونی پولیس کی حدود نجی ہاوسنگ سوسائٹی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے وقاص ولد ندیم مسیح کو قتل کر دیا۔

مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم اور قانونی کاروائی کے لیے جناح ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

دوسری طرف کچھ ہی دیر بعد تھانہ فیکٹری ایریا میں فائرنگ کا ایک واقعہ پیش آیا جس میں ایک 22 سالہ شخص جاں بحق ہو گیا۔ مقتول کی شناخت دانیال مسیح کے نام سے ہوئی ہے۔

فیکٹری ایریا پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او سید وجیہہ الحسن نے ’سما ڈیجیٹل‘ کو بتایا کہ دانیال مسیح کو کسی نے فائرنگ کر کے قتل نہیں کیا بلکہ خودکشی کی ہے۔

ایس ایچ او کے مطابق دانیال نے خودکشی سے کچھ دیر قبل نجی ہاوسنگ سوسائٹی جا کر اپنے دوست وقاص مسیح کو قتل کیا اور پھر گھر آ کر خودکشی کر لی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق وقاص اور دانیال دوست ہیں اور دونوں ساتھ مل کر وارداتیں کرتے تھے۔

ایس ایچ او فیکٹری ایریا نے سماء ڈیجیٹل کو مزید بتایا کہ دونوں کے درمیان لوٹی ہوئی رقم پر لڑائی ہوئی، دانیال نے وارداتوں میں استعمال ہونے والے اسلحے سے ہی پہلے وقاص کو فائرنگ کر کے قتل کیا اور بعد میں خود کو گولیاں مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات کی تحقیقات جاری ہیں مزید تفصیلات جلد سامنے لائیں گے۔

Tabool ads will show in this div