کرپشن کا مقدمہ: پرویز الٰہی کی عبوری ضمانت میں کل تک توسیع
لاہورکی اینٹی کرپشن عدالت نےساڑھے12 کروڑروپے کی کرپشن کے مقدمہ میںتحریک انصاف کے صدراورسابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی عبوری ضمانت میں کل تک توسیع کردی۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی کرپشن کے مقدمے میں عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر اینٹی کرپشن عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت پرویز الٰہی کے وکیل نے دلائل دیئے کہ ساڑھے بارہ کروڑ روپے کی کرپشن کا مقدمہ درج کیا گیا،عدالت نے مرکزی ملزم کو ڈسچارج کر دیا ہے۔مقدمے میں پرویز الٰہی کے خلاف کوئی مخصوص الزام بھی نہیں۔
وکیل کا کہنا تھا کہ پرویز الٰہی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانا کے لیے کیسز بنائے جا رہے ہیں اینٹی کرپشن نے پرویز الٰہی کو بغیر کوئی نوٹس دیے انکوائری کی۔
سماعت کے دوران اینٹی کرپشن کے وکیل نےدرخواست ضمانت پر اعتراض اٹھایا اور کہا کہ پرویز الٰہی کے خلاف کرپشن کے براہ راست ثبوت ہیں۔
عدالت نے وکیل کی جانب سے مزید دلائل کے لیے مہلت کی استدعا منظورکرتے ہوئے قرار دیا کہ سرکاری وکیل پرویز الہٰی کی درخواست پرکل تک دلائل مکمل کریں ،کل ہی فیصلہ سنایا جائےگا۔
عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پرویز الہٰی نے کہا کہ پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ اچھا ثابت ہوا ہے۔