سکھر:کراچی ایکسپریس بوگی ميں آتشزدگی کا واقعہ،خاتون سمیت 2افراد جھلس کرجاں بحق
کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس کی ایک بوگی میں خیرپور کے قریب آگ لگ گئی،خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق،جبکہ 4 لاپتہ بچوں کی تلاش جاری ہے۔
آگ سے متاثرہ بوگی کے مسافروں نے چھلانگیں لگا کر اپنی جانیں بچائیں۔ڈی ایس ریلوے محمود الرحمن لاکھو کےمطابق،متاثرہ بوگی ٹریک سے ہٹادی گئی ہے اور کراچی سے اندرون ملک جانے والا ٹریک بحال کردیا گیا ہے۔
محمود الرحمن لاکھو نے بتایا کہ کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس کی بوگی نمبر 4 میں آگ لگی۔واقعے کے بعد متاثرہ بوگی کو الگ کرکے ٹرین کے اگلے حصے کو خیرپور جبکہ پچھلے حصے کو گمبٹ روانہ کیا گیا۔
حادثے کے باعث اپ ٹریک مکمل طور پر معطل رہا اور کراچی سے پنجاب جانے والی ٹرینوں کو گمبٹ سے پہلے اسٹیشنز پر روکا گیا۔فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر بوگی میں لگی آگ پر قابو پایا۔