ملک میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی
ملک بھر میں گرمی کے ستائے شہریوں کے لیے خوشخبری ہے کہ محکمہ موسمیات نے 27 یا 28 اپریل سے ملک میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آئندہ کچھ دن ملک کے بیشترمقامات پر مطلع صاف، موسم خشک اور گرم رہے گا، اسی وجہ سے پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقے گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے اور درجہ حرارت 40 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ چند روز گرمی رہنے کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ جانے کا امکان ہے کیونکہ ساحلی علاقوں میں مقامی سطح پر بادل بن سکتے ہیں جب کہ 27 یا 28 اپریل کو بارشوں کا طاقتور اورطویل سسٹم ملک پراثراندازہوسکتا ہے جو 6 یا 7 مئی تک ملک پر اثرانداز رہےگا۔
بیان کے مطابق ایران کے قریب بحیرہ عرب میں سرکولیشن بھی بنی ہوئی ہے، سندھ، بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں شدید بارش کا امکان ہے جبکہ سندھ کے 80 سے 90 فیصد علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا کے 90 فیصد علاقوں میں اس سسٹم کے زیراثربارش کا امکان ہے، صوبے کے مختلف مقامات پرآندھی اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے جب کہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی ہے، بلوچستان کے 80 سے90 فیصد علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں فلیش فلڈنگ کاخطرہ ہے۔