چینی کی اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کیخلاف کریک ڈاؤن کی منظوری
وزیراعظم شہبازشریف نے چینی کی اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کی منظوری دے دی ۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت لاہورمیں چینی کی اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی اورمنافع خوری کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم نے ناجائزمنافع خوری اور سمگلنگ کی اطلاعات پر سخت برہمی کا اظہارکرتے ہوئےچینی کی اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کی منظوری دے دی ۔
شہبازشریف نے چینی کی سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی میںملوث کرداروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے اور سخت سزا دینے کی ہدایت کر تے ہوئے کہا کہ عوام کواسمگلروں ،ناجائزمنافع خوروں اورذخیرہ اندوزوں کےرحم وکرم پرنہیں چھوڑاجاسکتا ، عوام کو ستانے والوں سے حساب لیں گے۔
اجلاس میں وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب کو صوبے میں چینی کی قیمت کنٹرول کرنے کیلئےموثراقدامات کی ہدایت بھی کی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نےاسمگلنگ کےتدارک کیلئے کل اسلام آباد میں اعلیٰ سطح اجلاس طلب کرلیا، جس میں چینی سمیت دیگراشیاء کی اسمگلنگ کےخاتمےکیلئے ملک گیرکارروائی کی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔